لاہور، 11 اپریل (یواین آئی)چنل ہنری (ناٹ آوٹ 46)، اسٹیفنی ٹیلر (46) اور جائڈا جیمز (36) کی شاندار بلے بازی کے بعد ہیلی میتھیوز (چار وکٹ)، کرشما رامہیک اور عالیہ ایلینے (دو-دو وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جمعہ کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے پانچویں میچ میں آئرلینڈ کو چھ رنز سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث میچ کو 33-33 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے 181 رنز کے تعاقب میں آئرلینڈ کی بیٹنگ ویسٹ انڈیز کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی۔ آئرلینڈ کی طرف سے ایمی ہنٹر نے 46 گیندوں پر (48)، لورا ڈیلانی (32)، کرسٹینا کولٹر ریلی (26)، ارلین کیلی (18) اور کپتان گیبی لوئس نے (17) رنز بنائے۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آئرلینڈ باآسانی یہ میچ جیت لے گا، لیکن 33ویں اوور کی دوسری گیند پر ہیلی میتھیوز نے اَرلین کیلی کو آؤٹ کر کے آئرلینڈ کے ہاتھوں سے فتح چھین لی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ہیلی میتھیوز نے چار وکٹیں، کرشما رامہیک اور عالیہ ایلینے نے دو-دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایفی فلیچر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آج یہاں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے 29 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد جاڈا جیمز اور اسٹیفنی ٹیلر نے اننگ کو سنبھالا ۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت ہوئی۔ 24ویں اوور میں جین میگوئیر نے اسٹیفنی ٹیلر کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ ٹیلر نے 56 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ جاڈا جیمز 54 گیندوں پر 36 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 33 اوورز میں چھ وکٹوں پر 181 رنز بنائے۔ چنیل ہنری نے 36 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔آئرلینڈ کی جانب سے جین میگوائر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اورلا پرینڈرگاسٹ اور کارا مرے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔