نئی دہلی 10اپریل: گجرات کے احمد آباد میں کانگریس کا 2 روزہ قومی کنونشن 8 اور 9 اپریل کو منعقد ہوا تھا۔ اس دوران کچھ اہم قرارداد منظور کیے گئے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پسماندہ و استحصال زدہ طبقہ کے حقوق کی لڑائی سے متعلق کئی اہم فیصلے بھی لیے گئے۔ اس کنونشن کے بارے میں کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے آج اہم جانکاری دیتے ہوئے 3 تاریخی عزائم کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کل اے آئی سی سی کے احمد آباد کنونشن ’نیائے پتھ‘ میں کانگریس نے ملک کے بہوجنوں کو حصہ داری دے کر سماجی انصاف کو مضبوط کرنے کے لیے 3 تاریخی عزائم لیے ہیں۔‘‘ ان 3 عزائم کے بارے میں بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم قومی قانون لا کر ریزرویشن کی 50 فیصد والی حد کو ختم کریں گے۔ مرکزی قانون بنا کر ایس سی/ایس ٹی ذیلی پلان کو قانونی شکل دیں گے اور ان طبقات کی آبادی کی بنیاد پر بجٹ میں حصہ داری دیں گے۔ آئین کے آرٹیکل (5)15 میں مقرر ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے حقوق کو نافذ کروائیں گے۔‘‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی گئی اس جانکاری کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے بہوجنوں سے گزارش کی ہے کہ وہ کانگریس کا ہاتھ مضبوط کریں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ملک کے بہوجنوں کے لیے ہمارا پیغام صاف ہے، آپ کے مستقبل سے جڑے ان ایشوز پر ہمارا ساتھ نبھائیں اور ہاتھ کو مضبوط بنائیں، کیونکہ ہاتھ بدلے گا حالات۔‘