نئی دہلی 26مئی:مرکز میں مودی حکومت نے اپنے 9 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر اپوزیشن پارٹی کانگریس پرزور انداز میں بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ کانگریس ’9 سال، 9 سوال‘ نام سے ایک کتابچہ بھی جاری کیا ہے جس میں مودی حکومت سے تلخ سوالات کیے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈران ’ناکامی کے 9 سال‘ ہیش ٹیگ کا بھی خوب استعمال کر رہے ہیں۔ اس ہیش ٹیگ کے ساتھ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’جھوٹے وعدوں اور عوام کی بربادی پر بی جے پی نے کھڑی کی 9 سال کی عمارت۔‘‘ اس ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر براہ راست بھی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’مہنگائی، نفرت اور بے روزگار… وزیر اعظم جی، اپنی ان ناکامیوں کی لیجیے ذمہ داری۔‘‘
ٹوئٹ کے ساتھ انھوں نے ’9 سال، 9 سوال‘ کے عنوان سے پی ایم مودی کی 9 ناکامیوں کا تذکرہ بھی کیا ہے۔ ان 9 ناکامیوں کا تعلق معیشت، زراعت و کسان، بدعنوانی/مترواد، چین و قومی سیکورٹی، سماجی خیر سگالی، سماجی انصاف، جمہوری ادارے، مفاد عامہ کے منصوبے، کورونا مینجمنٹ سے ہے۔ ان سبھی 9 موضوعات سے متعلق 9 سوال بھی کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ آج کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس کیا تھا جس میں ایک کتابچہ جاری کر کہا تھا کہ ’’ہماری پارٹی مودی حکومت کے 9 سال پورے ہونے کے موقع پر 9 سوال پوچھ رہی ہے، اور ہم جاننا چاہتے ہیں کہ پی ایم مودی ان 9 سوالوں کے جواب دینے کو لے کر اپنی زبان پر لگے تالا کو کب کھولیں گے۔‘‘ آئیے یہاں دیکھتے ہیں کہ کانگریس نے مودی حکومت سے کون سے 9 سوال پوچھے ہیں۔
(۱) ایسا کیوں ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری آسمان چھو رہی ہے؟ عوامی ملکیت آپ اپنے متروں کو کیوں فروخت کر رہے ہیں؟(۲) کسانوں کی آمدنی دوگنی کیوں نہیں ہوئی؟ کسانوں کے لیے ایم ایس پی قانون کیوں نہیں بنا؟(۳) اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایل آئی سی اور ایس بی آئی میں جمع عام لوگوں کا پیسہ کیوں لگایا گیا ہے؟ اڈانی کی کمپنی میں 20 ہزار کروڑ روپیہ کس کا ہے؟ پی ایم جواب کیوں نہیں دیتے؟
(۴)چین کو لال آنکھ دکھانے کی بات کرنے والے پی ایم نے چین کو کلین چٹ کیوں دی جبکہ وہ ہماری زمین پر قبضہ کر بیٹھا ہے؟(۵) پی ایم بتائیں کہ کیوں انتخابی فائدے کے لیے بنٹوارے کی سیاست کا استعمال کیا جا رہا ہے اور سماج میں خوف کا ماحول بنایا جا رہا ہے؟(۶) وزیر اعظم خواتین، دلتوں، اقلیتوں کے خلاف مظالم پر خاموش کیوں رہتے ہیں؟ وزیر اعظم ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبہ پر خاموش کیوں ہیں؟(۷) آئینی اور جمہوری اداروں کو کیوں کمزور کیا جا رہا ہے؟ اپوزیشن لیڈران کو اور حکومتوں کو نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ (۸) منریگا جیسے عوام کو فائدہ پہنچانے والے منصوبہ کو کیوں کمزور کیا جا رہا ہے؟(۹) کورونا میں بدانتظامی کے سبب جن 40 لاکھ لوگوں کی جان گئی ان کے گھر والوں کو انصاف کیوں نہیں ملا؟