حیدرآباد، 29 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی ٹیم کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر کا ماننا ہے کہ عظیم ٹیسٹ بلے باز بننے کے لیے شبھمن گل کو اپنی بلے بازی کی دفاعی سطح کو بہتر بنانا ہوگا۔منجریکر نے یہ تبصرہ اتوار کو پہلے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا، “میں نے سیریز کے آغاز میں یہ بھی کہا تھا کہ ٹیسٹ میں اپنے ریکارڈ کو بہتر بنانے اور ایک عظیم ٹیسٹ کھلاڑی بننے کے لیے شبھمن گل کو کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے انہیں اپنے دفاعی کھیل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے جنوبی افریقہ اور ورلڈ کپ فائنل میں بھی دیکھا کہ وہ دفاعی شاٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔ ٹیسٹ کرکٹ دفاعی کھیل کے بغیر نہیں چلتا، اس فارمیٹ میں آپ کے لیے بہتر دفاعی کھلاڑی ہونا ضروری ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ بار بار جوابی حملے نہیں کر سکتے۔ تو کہیں نہ کہیں انہیں ابھی اس پہلو پر بہت کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلنگ کے خلاف گل کا دفاع اچھا ہے لیکن ٹیم انتظامیہ اور سپورٹ اسٹاف کو اسپن کھیلنے میں گل کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، “یہ گل کی ذمہ داری نہیں ہے۔ سپورٹ اسٹاف، بیٹنگ کوچ، ہیڈ کوچ کو چاہیے کہ وہ گل کو پریکٹس کرائیں تاکہ اسپن کے خلاف ان کا دفاعی کھیل بہتر ہو سکے۔ پیس اور باؤنس کے خلاف ان کا دفاعی کھیل کافی اچھا ہے لیکن اسپن کے خلاف انہیں تھوڑا سا بیک فٹ کھیل میں لانا ہوگا اور فرنٹ فٹ پر آکر ہلکے ہاتھوں سے کھیلنے کی کوشش کرنی ہوگی اور ایک یا دو رن بنانے کا سوچنا ہوگا۔ جس طرح اولی پوپ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔خیال رہے کہ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک گل نے 39 اننگز میں 29.52 کی اوسط سے دو سنچریوں کی مدد سے 1063 رن بنائے ہیں۔ گل گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ دورے کے بعد سے مسلسل تیسرے نمبر پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ تیسرے نمبر پر وہ اب تک 10 اننگز میں 21 کی اوسط سے 189 رن بنا چکے ہیں۔