فلوریڈا، 28 مارچ (یو این آئی) میامی اوپن میں ہفتہ کو دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی ایرینا سبالینکا اور امریکی ٹینس اسٹار جیسیکا پیگولا کے درمیان خطابی مقابلہ ہوگا۔ آج یہاں کھیلے گئے خواتین کے سنگلز سیمی فائنل میچ میں بیلاروسی کی 26 سالہ سبالینکا نے چھٹی سیڈ یافتہ جیسمین پاؤلینی کو 6-2، 6-2 سے شکست دی۔ سبالینکا اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں ہاری ہیں اور وہ زبردست فارم میں ہیں۔ تین بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن سبالینکا کا یہ مسلسل دوسرا فائنل ہے۔ادھر ویمنز سنگلز کے دوسرے سیمی فائنل میں دو گھنٹے 26 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں امریکہ کی جیسیکا پیگولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلپائن کی الیگزینڈرا ایلا کو 7-6 (7-3) 5-7 6-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔