بریلی28جنوری: اترپردیش کے ضلع بریلی کے فرید پور میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی مشتبہ حالت میں جل کر موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں میاں، بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس واردات پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یوگی نے متاثرہ کنبے کو پانچ لاکھ روپئے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ آخری رسومات کی ادائیگی کا پورا خرچ ضلع انتظامیہ برداشت کرے گی۔ موقع واردات پر پہنچے ڈی ایم روندر کمار اور ایس پی گھلے سشیل چندربھان کے مطابق اجئے گپتا نامی شخص کے گھر میں آگ لگی، اس کے گھر میں باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔ آگ میں جلنے والے سبھی افراد گھر میں ہی موجود تھے۔ واقعہ سنگین ہے پولیس واردات کی باریکی سے جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زندہ جل کر مرنے والوں میں اجئے گپتا عرف ٹنکل(38)، بیوی انیتا(36)، بیٹا وبیانش(09)، بیٹی دبیانکا(06) اور بیٹا دکش(03) شامل ہیں۔ پانچوں ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے۔ اتوار علی الصبح واقعہ کی جانکاری ہونے پر فورس کے ساتھ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ کمرے میں باہر سے تالا لگا ہو املا۔ اس سے قتل کے شبہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ فی الحال پولیس نے جانچ شروع کر دی ہے۔ اطلاع کے مطابق اجئے گپتا عرف ٹنکل حلوائی تھے۔ وہ اپنے کنبے کے ساتھ تین سال سے فرید پور واقع محلہ فرخ پور میں رشتے دار کے مکان میں کرائے پر رہتے تھے۔ سنیچر کی رات سبھی لوگ ایک ہی کمرے میں سو گئے تھے۔ علی الصبح پڑوسیوں نے گھر سے دھواں نکلتا دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو اندر پانچوں لاشیں جلی ہوئی حالت میں پڑی تھیں۔ کمرے میں رکھا سارا سامان جل چکا تھا۔ کمرے میں دو ہیٹر بجلی بورڈ سے لگے ہوئے ملے۔