ویلنگٹن، 26 مارچ (یو این آئی) جیمز نیشم (پانچ وکٹ) اور جیکب ڈفی (دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد ٹم سیفرٹ (ناٹ آؤٹ 97) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو بدھ کے روز فائنل میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز بھی 4-1 سے جیت لی۔پاکستان کے 128 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی اوپننگ جوڑی ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 93 رنز جوڑے۔ ساتویں اوور میں سفیان مقیم نے فن ایلن کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ فن ایلن نے 12 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ مارک چیپ مین (تین) نویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ انہیں سفیان مقیم نے آؤٹ کیا۔ ٹم سیفرٹ نے 38 گیندوں پر 10 چھکے اور چھ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 97 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں دو وکٹوں پر 131 رنز بنائے اور میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔ جیمز نیشم کو ان کی شاندار باؤلنگ پر ‘پلیئر آف دی میچ اور ٹم سیفرٹ کو ان کی شاندار بلے بازی پر ‘پلیئر آف دی سیریزسے نوازا گیا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل آج نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے خراب آغاز کیا کیونکہ اس نے صرف 25 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ حسن نواز 0، عمر یوسف 7 اور محمد حارث 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے بحران کے وقت کپتان آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے اور اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں نیشم نے عثمان خان (سات) اور عبدالصمد (چار) کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان نے 20 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے (28) رنز بنائے۔ وہ 17ویں اوور کی پہلی گیند پر نیشام کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ نیشم نے جہانداد خان (1) اور سفیان مقیم (0) کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔ آغا سلمان نے 39 گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر (51) رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے شاندار بولنگ اٹیک کے سامنے پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 128 رنز بنا سکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ بین سیئرز اور ایش سوڈھی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔