موتیہاری، 23 مارچ (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے بعد تیجسوی پرساد یادو کی قیادت میں حکومت بنے گی، تیجسوی کی حکومت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔آر جے ڈی صدر لالو یادو مشرقی چمپارن میں کوٹوا بلاک کے جسولی جمونیا میں منعقد سابق ایم ایل اے آنجہانی یمنا یادو کی برسی کے پروگرام میں اتوار کو آر جے ڈی ایم ایل اے منوج یادو کی دعوت پر شرکت کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے آنجہانی یمنا یادو کے مجسمہ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سے پہلے، مسٹر یادو نے اپنے مختصر خطاب میں تیجسوی یادو کی قیادت میں حکومت بنانے کی اپیل کی اور تیجسوی کے بھائی بہن اسکیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا ’’تیجسوی یادو کی مائی-بہن اسکیم بہت اچھی اسکیم ہے۔ ہر گاؤں کے لوگوں کو اس اسکیم کے بارے میں بتانا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کلیان پور کے آر جے ڈی ایم ایل اے منوج کمار یادو کے آنجہانی والد یمنا یادو کے دور کو یاد کیا اور انہیں ایک عظیم سوشلسٹ لیڈر بتایا۔