ماؤنٹ مونگانوئی (نیوزی لینڈ)، 23 مارچ (یو این آئی) بیتھ مونی (70) کی شاندارنصف سنچری کے بعد اینابیل سدرلینڈ (چار وکٹ) اور الانا کنگ (تین وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے آج دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو 82 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔205 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے محض 13 رنز کے اسکور پر اپنا پہلا وکٹ کپتان سوزی بیٹس (12) کے طور پر گنوا دیا۔ انہیں دوسرے اوور میں الانا کنگ نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد اینابیل سدرلینڈ نے جارجیا پلیمر (14) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو دوسری کامیابی دلائی۔ سوفی ڈیوائن (صفر) اور بروک ہیلیڈے (ایک) بھی سدرلینڈ کا شکار بنیں۔ میڈی گرین (22) اور جیس کیر (14) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ چودہویں اوور میں الانا کنگ نے امیلیا کیر کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ امیلیا کیر نے 36 گیندوں میں 40 رنز بنائے۔ پولی انگلس (تین) اور لی تاحوہو (دو) کو ڈارسی براؤن نے آؤٹ کیا۔ سترہویں اوور کی پہلی گیند پر سدرلینڈ نے ایڈن کارسن (چار) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز کو 122 کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر 82 رنز سے جیت درج کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں دو-صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔آسٹریلیا کی جانب سے اینابیل سدرلینڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ الانا کنگ نے تین وکٹیں لیں۔ ڈارسی براؤن کو دو وکٹیں ملیں اور جارجیا ویئرہیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری بیتھ مونی اور جارجیا وول کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 57 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں سوفی ڈیوائن نے جارجیا وول کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ جارجیا وول نے 20 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی فوبی لچ فیلڈ نے بیتھ مونی کے ساتھ اننگز کو سنبھالتے ہوئے دوسرے وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت داری کی۔