دہلی:20؍مارچ:کے کے آر اور ایل ایس جی کے درمیان آئی پی ایل کا میچ 6 اپریل کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (KKR) اور لکھنؤ سپر جائنٹس (LSG) کے درمیان 6 اپریل کو ہونے والا آئی پی ایل میچ، رام نومی کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر کولکتہ سے گوہاٹی منتقل کر دیا گیا ہے۔مغربی بنگال پولیس نے کہا کہ رام نومی پر مختلف مندروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور جلوس نکالے جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ہم میچ کے لیے سیکیورٹی فراہم نہیں کر پائیں گے۔بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) نے جمعرات کو میچ کی تبدیلی کے بارے میں معلومات دی۔ تاہم بی سی سی آئی نے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔
کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (CAB) کے صدر سنیہاشیش گنگولی نے کہا کہ ہم نے پولیس کے ساتھ دو میٹنگیں کیں لیکن میچ کے لیے گرین سگنل نہیں مل سکا۔ سیکیورٹی کی کمی کے باعث میچ میں 65 ہزار تماشائیوں کے ہجوم کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ اس لیے اب میچ کو گوہاٹی منتقل کیا جائے گا۔بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری نے کہا تھا کہ رام نومی پر مغربی بنگال میں 20 ہزار سے زیادہ جلوس نکالے جائیں گے۔ اس لیے ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ضرورت ہوگی۔مسلسل دوسرے سیزن میں، کے کے آر کے گھریلو میچوں میں رام نومی کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال راجستھان رائلز کے خلاف ٹیم کا میچ 17 اپریل کو رام نومی کے دن ہونا تھا۔ اس وقت بھی پولیس نے سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے میچ کی تاریخ ملتوی کردی گئی تھی۔
اس سیزن کے آئی پی ایل کے 2 میچ پہلے ہی گوہاٹی میں شیڈول ہیں۔ یہاں کا برساپارا اسٹیڈیم راجستھان رائلز کی ٹیم کا دوسرا ہوم گراؤنڈ ہے۔ ٹیم کا مقابلہ 26 مارچ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور 30 ​​مارچ کو چنئی سپر کنگز سے ہوگا۔ اس میچ کے صرف 6 دن بعد، کولکتہ اور لکھنؤ کے درمیان گوہاٹی میں دوبارہ شیڈول میچ کھیلا جائے گا۔