قاہرہ، 28 جنوری (یو این آئی) ہندوستان کے ریدم سانگوان اور اجول ملک نے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ 2024 میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ہفتہ کو یہاں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی شوٹنگ ٹیم نے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ کے فائنل میں آرمینیائی جوڑی ایلمیرا کاراپیٹیان اور بینک کھلگھتیان کو 17-7 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ قازقستان کی ارینا یونسیمتووا اور ویلری راخیمجان نے اٹلی کی چیارا گیانکاملی-فیڈریکو نیلو مالدینی کو 16-8 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔کوالیفکیشن راؤنڈ میں، ہندوستانی جوڑی 580 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جبکہ کراپیٹین کھلگھتیان 581 کے اسکور کے ساتھ 24 نشانے بازوں میں میدان میں سرفہرست رہے۔منو بھاکر اور رویندر سنگھ نے آٹھویں مقام کے لیے 575 کا اسکور حاصل کیا اور میڈل راؤنڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔ منو بھاکر نے جمعہ کو خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل کے انفرادی راؤنڈ میں بھی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ 18ویں نمبر پر رہنے کے بعد فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
دریں اثنا، ارجن بابوتا اور سونم ماسکر کو 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم مقابلےمیں طلائی تمغہ کے میچ میں برطانیہ کے سیونیڈ میکانٹوش اور ڈین بیل سے 16-14 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔اس سے پہلے ارجن بابوتا اور سونم ماسکر نے 38 ٹیموں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 632.3 کے اسکور کے ساتھ ٹاپ کیا تھا۔ نینسی اور سابق عالمی چیمپئن رودرکش پاٹل 627.4 کے اسکور کے ساتھ 20 ویں نمبر پر رہے۔ایک طلائی تمغہ اور دو چاندی کے تمغوں کے ساتھ، ہندوستان آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں سرفہرست ہے۔ قازقستان، اسپین، یونان، برطانیہ اور جنوبی کوریا نے بھی ایک ایک گولڈ جیتا ہے۔