لکھنؤ، 19 مارچ (یو این آئی) سابق ہندوستانی گیند باز اور لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے مینٹور ظہیر خان نے کہا کہ پرجوش کپتان رشبھ پنت کی قیادت میں ان کی ٹیم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نئے سیزن میں جذبے اور مثبت کھیل کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ظہیر نے بدھ کو یہاں ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا، “ایل ایس جی ایک نئے کپتان کے ساتھ آئی پی ایل سیزن کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ رشبھ پنت ایک جوشیلے اور پرجوش کھلاڑی ہیں جن کی قیادت میں ایل ایس جی بلاشبہ مثبت جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ رشبھ جوش کے ساتھ درست فیصلے کرنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ ٹیم کا ہر کھلاڑی جوش اورجنون کے ساتھ میدان پر اپنا صد فیصد دینے کے لئے تیار ہیں اور یہی جذبہ ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔”زخمی کھلاڑیوں بالخصوص تیز گیند بازوں کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ظہیر نے کہا کہ جب ہم نے ٹیم کا انتخاب کیا تو ہم نے ہر پہلو کو مدنظر رکھا، زخمی ہونا کھیل کا حصہ ہے اور ہمیں زخمی کھلاڑی کی تبدیلی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ ٹیم کی حکمت عملی اور کمبی نیشن کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ کے آغاز سے قبل موجودہ حالات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرنا مناسب ہوگا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ٹیم کی ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا، وزیر اعلی کو کھیلوں کا علم ہے، انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اچھی کارکردگی کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنا 100 فیصد دینا ہوگا۔ اتر پردیش میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے۔”