بلومفونٹین، 28 جنوری (یو این آئی) ارشین کلکرنی کی 108 رن کی سنچری اور مشیر خان کی 73 رن کی نصف سنچری کی مدد سے ہندوستان نے اتوار کو گروپ اے میں اپنے تیسرے اور آخری میچ میں 326 رن کا بڑا اسکور بنا کر امریکہ کو جیت کے لئے 327 رن کا ہدف دیا ہے۔یہاں آج امریکہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندستان کی اوپننگ جوڑی آدرش سنگھ اور ارشین کلکرنی نے پہلی وکٹ کے لیے 46 رن جوڑے۔ ہندستان کی پہلی وکٹ آدرش سنگھ کی 37 گیندوں میں 25 رن کے طورپر گری۔ اتیندرا نے انہیں پرتھ پٹیل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے مشیر خان اور ارشین کلکرنی کے درمیان بڑی شراکت داری ہوئی۔ مشیر خان نے 56 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ہندستان کی دوسری وکٹ مشیر خان کی صورت میں گری۔ انہوں نے 76 گیندوں میں 73 رن بنائے اور اپنی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ رشی رمیش نے انہیں آرین ناڈکرنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ ارشین کلکرنی نے اپنی سنچری 110 گیندوں میں مکمل کی۔ اتیندرا نے انہیں 108 رن پر پارتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کپتان ادے سہارن 35 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور سچن گھاس 20 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔