برمنگھم، 18 مارچ (یو این آئی) دفاعی چیمپئن ہندوستانی مرد ٹیم نے کبڈی ورلڈ کپ 2025 میں اٹلی کو شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ ہندوستان نے پیر کو وولور ہیمپٹن میں گروپ بی کے یک طرفہ میچ میں اٹلی کو 64-22 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان دو پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے۔ گروپ بی کے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ویلز کو 63-43 سے شکست دی اور گروپ میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم اگلے میچ میں اسکاٹ لینڈ سے ٹکرائے گی۔ ہندوستانی مرد اور خواتین دونوں ٹیمیں انگلینڈ میں شروع ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ 2025 میں اپنے ٹائٹل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔ اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق یہ ٹورنامنٹ برطانیہ کے ویسٹ مڈلینڈز کے چار شہروں برمنگھم، کوونٹری، والسال اور وولور ہیمپٹن میں منعقد ہوگا۔