برسبین، 28 جنوری (یو این آئی) شمار جوزف کی سات وکٹوں کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو آٹھ رنز سے شکست دے کر تاریخی جیت درج کی اور اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
یہ جیت ویسٹ انڈیز کے لیے بہت بڑی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم 2003 سے اب تک کسی میچ میں نہیں ہاری ہے۔ ویسٹ انڈیز نے تقریباً 27 سال بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور اسمتھ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ کیمرون گرین 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گرین اور اسمتھ کے درمیان 127 گیندوں پر 71 رنز کی شراکت ہوئی۔ ان دونوں کے علاوہ آسٹریلیا کا سب سے بڑا اسکور مچل اسٹارک کا تھا جو 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیو اسمتھ نے سب سے زیادہ 91 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ آسٹریلیا کو جیت کے لیے 216 رنز درکار تھے لیکن پوری ٹیم 207 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے شاندار بولنگ کی اور دوسری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں۔ الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جسٹن گریوز نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ گزشتہ روز دن کے کھیل کے اختتام پر اوپنر اسٹیو اسمتھ 33 اور کیمرون گرین 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ کریز پر موجود تھے۔ میچ کو جارحانہ انداز میں اپنے حق میں کرنے کے لیے آسٹریلیا چوتھے دن کا آغاز کیریبیئن باؤلرز پر حملے سے کر سکتا ہے تاہم کیمار روچ، الزاری جوزف، شمار جوزف اور جسٹن گریوز کے لیے مطلوبہ 156 رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔ پہلی اننگز میں 22 رنز کی اہم برتری حاصل کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلی وکٹ جلد گنوانے کے باوجود دوسری اننگز میں اچھا کھیلنے کی کوشش کی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کپتان کریگ براتھویٹ کے 16 رنز، کرک میکنزی 41 رنز، ایلک ایتھنج 35 رنز، جسٹن گریوز 33 رنز اور کیویم ہوج 29 رنز کی مدد سے 193 کے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کو محدود کرتے ہوئے ہیزل ووڈ نے تین اور لیون نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیمرون گرین اور مچل اسٹارک نے بھی ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے جوشوا ڈیسلوا کے 79 رنز، کیویم ہوج کے 71 رنز اور کیون سنکلیئر کے 50 رنز کی نصف سنچری اننگز کی بدولت 311 رنز بنائے۔ اس کے بعد آسٹریلیا بیٹنگ کے لیے میدان میں آیا اور اپنی پہلی اننگز میں عثمان خواجہ کے 75 رنز، ایلکس کیری کے 65 رنز اور کپتان پیٹ کمنز کے ناٹ آؤٹ 64 رنز کی مدد سے 289 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے چار وکٹیں حاصل کیں۔