کرائسٹ چرچ، 16 مارچ (یو این آئی) جیکب ڈفی (چار وکٹ) اور کائل جیمیسن (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد ٹم سیفرٹ (44) اور فن ایلن (ناٹ آؤٹ 29) کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے اتوار کو پہلے ٹی۔20 مقابلے میں پاکستان کو59 گیندیں باقی رہتے نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کے 91 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئے نیوزی لینڈ کی اوپننگ جوڑی ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 53 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں ابرار احمد نے اپنی نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے ٹم سیفرٹ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ٹم سیفرٹ نے 29 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹم رابنسن نے فن ایلن کا خوب ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے تیز رفتار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 10.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 92 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو نو وکٹوں سے فتح دلائی۔ فن ایلن (29) اور ٹم رابنسن (18) 15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے واحد وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آج نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ میں شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے صرف ایک رن پر تین وکٹیں اور 11 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے پاکستان کی اوپننگ جوڑی محمد حارث اور حسن نواز کو اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولنے دیا۔ عرفان خان اور شاداب خان (تین) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے اور کپتان آغا سلمان کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت ہوئی۔ ایش سودھی نے اس شراکت کو 12ویں اوور میں توڑا جب انہوں نے آغا سلمان (18) کو آؤٹ کیا۔ جیکب ڈفی نے اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ (32) کو آؤٹ کرکے پاکستان کی کمر توڑ دی۔ اس کے بعد کوئی بھی پاکستانی بلے باز نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 91 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عبدالصمد سات، جہانداد خان 17، شاہین شاہ آفریدی ایک اور ابرار احمد دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے چار اور کائل جیمیسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایش سودھی نے دو اور زچری فاکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔