سڈنی، 11 مارچ (یو این آئی) روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ پہلے ٹیسٹ میچ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم ایس جی) میں تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے منگل کو جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی پنک بال سنٹینری ٹیسٹ میچ 11 سے 15 تک میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اس گراؤنڈ میں 1877 میں کھیلا گیا تھا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ وہ مقام بھی ہے جہاں 1977 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ نے سنچری ٹیسٹ کھیلا تھا جس میں میزبان آسٹریلیا نے 45 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔ دونوں حریفوں نے 1880 میں انگلینڈ میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے ٹیسٹ کی یاد میں 1980 میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرا سنچری ٹیسٹ کھیلا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے کہا: ایم سی جی میں 150 ویں سالگرہ پرٹیسٹ کرکٹ کے سب سے شاندار ایونٹس میں سے ایک ہو گا اور دودھیا روشنی میں کھیلنا ہمارے کھیل کے شاندار ورثے اور ٹیسٹ کرکٹ کے جدید ارتقا کا جشن منانے کا ایک شاندار طریقہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “اس سے اس بات کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی کہ زیادہ لوگ اس میں شریک ہوسکیں اور اس شاندار موقع کو دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 150 واں ٹیسٹ یادگار رہے گا۔