نئی دہلی، 8 مارچ (یو این آئی) شطرنج کی کھلاڑی آر ویشالی نے ہفتہ کو کہا کہ میں یوم خواتین کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے کافی خوش ہوں اور مجھے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔محترمہ ویشالی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے لکھا، وانکم! میں شطرنج کی کھلاڑی ویشالی ہوں اور یوم خواتین پر، میں اپنے وزیر اعظم نریندر مودی جی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہینڈل کرنے پر کافی پرجوش ہوں۔ جیسا کہ آپ میں سے بہت سے لوگ جانتے ہوں گے کہ میں شطرنج کھیلتی ہوں اور مجھے بہت سے ٹورنامنٹس میں اپنے ملک عزیز کی نمائندگی کرنے پر بہت فخر ہے۔انہوں نے ایک دیگر پوسٹ میں لکھا’’میں اپنی فیڈے رینکنگ کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہوں اور اپنے ملک کے فخر میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہوں۔ شطرنج نے مجھے کافی کچھ دیا ہے اور میں اپنے پسندیدہ کھیل میں مزید تعاون کرنے کی منتظر ہوں۔ اس جذبے کے تحت، میں نوجوان لڑکیوں سے کہنا چاہوں گی کہ ان کی جس کھیل میں بھی دلچسپی ہو اس میں حصہ لیں۔ کھیل بہترین استادو میں سے ایک ہے۔‘‘انہوں نے کہا ’’میرے والدین اور بہن بھائیوں کے لیے بھی ایک پیغام ہے – لڑکیوں کی حمایت کریں۔ ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور وہ کمال کرکے دکھائیں گی۔ میری زندگی میں، مجھے تھرو رمیش بابو اور تھرومتی ناگ لکشمی جیسے معاون والدین ملے ہیں۔ میرے بھائی، آر پرگنانند اور میرے درمیان بھی گہرا رشتہ ہے۔ مجھے بہترین کوچ، ٹیم ساتھی ملنے کا فخر حاصل ہوا ہے اور یقینی طور پر میں وشواناتھن آنند صاحب سے کافی متاثر ہوں۔واضح رہے کہ آج یوم خواتین کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے پہلے ہی ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ جس میں انہوں نے لکھا “یوم خواتین پر، ہم اپنی خواتین کی طاقت کو سلام پیش کرتے ہیں! ہماری حکومت نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا ہے، جس کی عکاسی ہماری اسکیموں اور پروگراموں سے ہوتی ہے۔ آج، وعدے کے مطابق، میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس وہ خواتین چلائیں گی جو مختلف شعبوں میں اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔ اس وعدے کو پورا کرتے ہوئے، ہفتہ کو ویشالی نے وزیر اعظم کے ’سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو چلانے کی باگ ڈور سنبھالی۔