دبئی، 5 مارچ (یو این آئی) آسٹریلیا کے کارگذار کپتان اسٹیو اسمتھ نے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں ٹیم کی شکست کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔آسٹریلیا کے 35 سالہ بلے باز اسمتھ نے بدھ کے روز ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف شکست کے فوراً بعد اپنی ٹیم کے ساتھیوں کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ وہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ تاہم وہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ اسمتھ چیمپئنز ٹرافی میں پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کے کارگزار کپتان کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ نے اسمتھ کا بیان جاری کیا۔ اسمتھ نے اپنے بیان میں کہا، ’’ون ڈے میں ان کا بہترین سفر رہا ہے اور میں نے کھیل کے ہر لمحے سے لطف اٹھایا ہے۔ اس سفر کے کئی سنہری یادوں میں دو ورلڈ کپ بھی شامل ہیں۔ اب نوجوان کھلاڑیوں کے لیے 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری کا وقت ہے، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ یہ میرے لیے الوداع کہنے کا صحیح وقت ہے۔انہوں نے کہا، “ٹیسٹ کرکٹ اب بھی میری ترجیح ہے اور میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا منتظر ہوں۔ اس کے بعد سردیوں میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا تعاون دینے کے لیے میرے اندر ابھی بھی کافی کرکٹ باقی ہے۔
اسمتھ نے آسٹریلیا کے لیے 2010 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے کل 170 ون ڈے کھیلے اور 5800 رنز بنائے۔ اس دوران ان کا اوسط 43.28 اور اسٹرائیک ریت 86.96 رہا۔ ون ڈے میں ان کی بہترین اننگز 164 رنز کی ہے۔ ون ڈے میں انہوں نے 35 نصف سنچریاں اور 12 سنچریاں بنائیں۔ اسمتھ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں فارم میں نہیں تھے۔ انہوں نے تین اننگز میں 48.50 کی اوسط سے 97 رنز بنائے تھے۔ 73 رنز ان کی بہترین اننگز رہی۔اسمتھ ٹیسٹ میں اپنی بیٹنگ کے لیے جانے جاتے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز بنائے ہیں۔ 116 ٹیسٹ کی 206 اننگز میں اسمتھ نے 56.75 کی اوسط سے 10,271 رنز بنائے ہیں۔ 239 رنز کی اننگز ان کی بہترین اننگز رہی ہے۔ اس دوران انہوں نے 36 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں بنائیں ہیں۔ ان میں چار ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔اسمتھ نے 67 ٹی-20 میچز بھی کھیلے ہیں۔ اس میں انہوں نے 24.86 کی اوسط اور 125.46 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1094 رنز بنائے۔ ٹی-20 انٹرنیشنل میں انہوں نے پانچ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔اسمتھ، آسٹریلیا کی 2015 اور 2023 آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے ۔ وہ 2015 میں ون ڈے ٹیم کے باقاعدہ کپتان تھے اور 64 میچز میں ٹیم کی قیادت کی۔ اس دوران ان کا جیت کا فیصد 50 فیصد رہا۔
حالیہ (2023-24) گھریلو سیریز کے دوران، انہوں نے کپتان پیٹ کمنس کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین۔ صفر سے کلین سوئپ کرنے میں مدد کی تھی۔