دبئی، 4 مارچ (یو این آئی) محمد شامی (تین وکٹ)، ورون چکرورتی اور رویندر جڈیجہ (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد ویراٹ کوہلی (84)، کے ایل راہول (42 ناٹ آؤٹ) اور شریاس آیر (45) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے منگل کے روز چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 11 گیندیں باقی رہتے چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کے خلاف 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ اس نے 43 کے اسکور پر اپنے دونوں سلامی بلے بازوں کو کھو دیا، جب شبھمن گل (آٹھ) اور کپتان روہت شرما (28) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ویراٹ کوہلی اور شریاس ایئر کی جوڑی نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت ہوئی۔ 27ویں اوور میں ایڈم زمپا نے شریاس ایر کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اکشر پٹیل (27) کو ناتھن ایلس نے بولڈ کیا۔ 43ویں اوور میں ایڈم زمپا نے سنچری کی طرف بڑھ رہے ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ ویراٹ کوہلی نے 98 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کو چھٹی کامیابی اس وقت ملی جب ناتھن ایلس نے 48ویں اوور میں ہاردک پانڈیا کو میکسویل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ہاردک نے 24 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے (28) رنز بنائے۔ کے ایل راہول نے 34 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رنز بنائے۔ رویندر جڈیجہ (دو) ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے 48.1 اوور میں چھ وکٹوں پر 267 رنز بنا کر چار وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور ناتھن ایلس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بین دروش اور کوپر کانولی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے خراب شروعات کی، اور اس نے کوپر کانولی (0) کو صرف چار رن کے اسکور پر کھو دیا۔ کوپر کانولی کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نویں اوور میں ورون چکرورتی نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ ٹریوس ہیڈ نے 33 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ رویندر جڈیجہ نے مارنس لیبوشگن (29) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔ جوش انگلیس (11) کو بھی جڈیجہ نے اپنا شکار بنایا۔ سنچری کی جانب بڑھنے والے اسٹیو اسمتھ 37ویں اوور میں محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسٹیو اسمتھ نے 96 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ گلین میکسویل (سات) کو اکشر پٹیل نے بولڈ کیا۔ بین درویشس (19) کو چکرورتی نے آؤٹ کیا۔ ایلکس کیری کو شریاس آئر نے رن آؤٹ کیا۔ ایلکس کیری نے 57 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ ناتھن ایلس (10) کو شامی نے نویں وکٹ پر آؤٹ کیا۔ ہاردک پانڈیا نے، جو آخری اوور کرنے آئے تھے، ایڈم زمپا (سات) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز 264 پر سمیٹ دی۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ رویندرجڈیجہ، ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔