بھوپال، 24 جنوری: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ تمام شعبوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ مذہبی اور روحانی سیاحت کو فروغ دینا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔ بابا مہاکال کے شہر اجین میںوزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کی پہل پر مہاکال لوک کی تعمیر کے بعد سے مقامی سیاحت میں اضافہ ہوا ہے۔ نقل و حمل کے دیگر ذرائع میں اضافے کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے اْجین تک بہتر فضائی خدمات بھی شروع کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اجین کے مہاکال مندر میں عقیدت مندوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے چل رہے مختلف کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد آج الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ مہاکال مندر کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے متعلقہ افسران سے کاموں کے معیار اور مکمل ہونے کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور ضروری ہدایات دیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے لوگ وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں، کیونکہ اْجین میں مہاکال لوک کی تعمیر کے بعد عقیدت مندوں کی نقل و حرکت بڑی تعداد میں بڑھ گئی ہے۔ حال ہی میں ایودھیا میں بھگوان شری رام مندر کی پران پرتیشٹھاکے بعد اجین آنے والے عقیدت مندوں کے لیے بھی ہوائی خدمات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ایک ایکشن پلان بنایا جائے گا تاکہ اجین میں ایک آسان ہیلی پیڈ اور ہوائی اڈہ بنایا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مالوا خطے میں آنے والے سیاح لازمی طور پر مہاکال درشن کے لیے اجین آتے ہیں۔ آنے والے سنہستھ کے پیش نظر مختلف انتظامات ضروری ہیں۔ کوشش ہے کہ بابا مہاکال کے درشن آسانی سے ممکن ہو اور کم وقت میں خاص طور پر معذور، بوڑھے اور بچے جلدی درشن کر سکیں۔