بھونیشور، 26 فروری (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے یہاں کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے بھونیشور مرحلے کا شاندار اختتام کیا۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دو بار (26’، 33′) اسکور کرکے منگل کی رات ہندوستان کو اہم جیت دلائی۔ اس کے ساتھ ہی ہندستان پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
انگلینڈ نے 24 گھنٹے قبل ہندوستان کو 3-2 سے شکست دی تھی۔ ہندوستان نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ دوسرے کوارٹر کے پانچ منٹ میں، ابھیشیک نے شاندار اسٹک ورک کا مظاہرہ کیا، ایک بہترین کراس دینے سے پہلے تین ڈفینڈروں کو چکمہ دیا۔ تاہم، سکھجیت سنگھ قریبی رینج سے گول کرنے میں ناکام رہے۔ ابھیشیک کے پاس جلد ہی ایک اور موقع تھا لیکن کریگ فلٹن نے اسے ناکام بنادیا۔ 24 ویں منٹ میں ہندوستان کو ایک جھٹکا لگا جب جگراج سنگھ کو جیکب پیٹن کے غلط مظاہرے کے لئے پیلا کارڈ ملا، جس سےعارضی طور پر ان کی تعداد دس کھلاڑیوں پر سمٹ گئی۔عددی نقصان کے باوجود، ہندوستان نے آگے بڑھنا جاری رکھا اور ہاردک سنگھ نے 26ویں منٹ میں اپنا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ ڈریگ فلکر کپتان ہرمن پریت سنگھ درمیان میں زور دار اٹیک کرکے ہندوستان کو 1-0 سے آگے کردیا۔ کپتان کونور ولیمسن نے 30ویں منٹ میں گیند کو سورج کرکیرا کے پاس پہنچاکر اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔ کلنگا ہاکی اسٹیڈیم ایک بار پھر 33 ویں منٹ میں گونج اٹھا جب ہرمن پریت نے رات کا اپنا دوسرا گول کر کے ہندوستان کی برتری کو بحال کردیا۔