ممبئی 24 جنوری (یو این آئی) ; رام مندر پران پرتشٹھا کے بعد میرا روڈ اور ملک میں فرقہ وارانہ تناؤ اور کشیدگی کے سبب حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں۔ رام مندر تنازع اب ختم ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود شرپسند عناصر مسلمانوں کونشانہ بنا کر نہ صرف یہ کہ مسجدوں اور مسلم علاقوں میں دندناتے پھرتے ہیں اور مسلمانوں کو جبرا جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کر تے ہیں تو ایسی صورتحال میں ورغلانے والوں پر کارروائی کی جانی چاہئے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے میرا روڈ میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد اپنے ایک وائرل ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کےلئے ہمیں نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔ لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ شرپسند عناصر نفرت ختم کر نے کے بجائے مسلم اکثریتی علاقوں اور مسجدوں کے سامنے ہی اشتعال انگیزیاں کر رہے ہیں اور ماحول خراب کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کو ورغلارہے ہیں ۔