بھونیشور، 17 فروری (یو این آئی) ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2024-25 (مرد) میں اسپین کودو-صفر سے شکست دے کر پہلے میچ میں اپنی 1-3 کی شکست کا بدلہ لے لیا۔باقاعدہ کپتان ہرمن پریت سنگھ کی غیر موجودگی میں، مندیپ سنگھ (32ویں) اور دلپریت سنگھ (39ویں) نے اتوار کی رات ہندوستانی ٹیم کے لیے گول کرکے ہندوستان کو سیزن کی پہلی جیت دلائی۔ اس میچ میں ہندوستانی کپتان کو آرام دیا گیا تھا۔ہندوستان نے جہاں پہلے کوارٹر میں بہترین دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا وہیں اسپین کی ٹیم جارحانہ رہی۔ اس کے باوجود پہلا کوارٹر بغیر گول کے برابر رہا۔ اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ہاف ٹائم کے بعد مندیپ نے 32ویں منٹ میں ہندوستان کو برتری دلانے کے لیے دلپریت کی مدد سے تعطل کو توڑا۔
اس کے بعد دلپریت سنگھ نے 39ویں منٹ میں گول کر کے برتری کو 2-0 کر دیا۔ اس کے بعد کئی پنالٹی کارنر لیے گئے لیکن دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔فائنل کوارٹر میں اسپین نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے گول کرنے کی پوری کوشش کی لیکن ہندوستانی ہاکی ٹیم کی حکمت عملی کے سامنے وہ کچھ نہ کرسکی اور ہندوستانی ٹیم نے اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔ہندوستان کا مقابلہ منگل کے روزجرمنی سے ہوگا۔