بلاوایو، 10 فروری (یو این آئی) کپتان اینڈی میک برائن (90 ناٹ آؤٹ اور 66رن)، مارک ایڈیئر (78) اور میتھیو ہمفریز (چھ وکٹ) کی شاندار اننگز کی بدولت آئرلینڈ نے یہاں واحد ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو 63 رن سے شکست دے دی۔ زمبابوے نے کل کے اسکور سات وکٹ پر 187 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ زمبابوے نے آج ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن صبح کے سیشن میں نیاشا مایووو (آٹھ) کی شکل میں اپنا آٹھواں وکٹ گنوایا۔ انہیں ہمفریز نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد سنچری کی جانب بڑھنے والے ویزلی مدھویرے (84) کو بھی ہمفریز نے ہی اپنا شکا بنایا۔ 87ویں اوور میں اینڈی میک برائن نے رچرڈ نگراوا (14) کو آؤٹ کر کے زمبابوے کی دوسری اننگز کا خاتمہ کردیا اور میچ 63 رن سے جیت لیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے میتھیو ہمفریز نے 28 اوورز میں 57 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ بیری میکارتھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارک ایڈیر اور اینڈی میک برائن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل آئرلینڈ نے اینڈی میک برائن (ناٹ آؤٹ 90) اور مارک ایڈیر (78) کی شاندار اننگز کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 260 رن بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مجربانی نے 58 رن کے عوض سات وکٹ حاصل کیں۔ رچرڈ نگروا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹریور گوانڈو نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا تھا۔
اس وقت بیٹنگ کے لیے اتری زمبابوے نے نک ویلچ (90) اور بلیسنگ مجربانی (47) کی اننگز کی بدولت 267 رن بنا کر سات رن کی برتری حاصل کی۔ آئرلینڈ کی جانب سے بیری میک کارتھی نے چار، اینڈی میک برائن نے تین اور مارک ایڈیئر نے دو وکٹ حاصل کیں۔ آئرلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں اینڈی بالبرنی (66) اور لورکن ٹکر (58) کی اننگز کی بدولت 298 رن بنائے اور زمبابوے کو 292 کا ہدف دیا تھا۔ زمبابوے کی دوسری اننگز میں ویسلے مادھویرے نے تنہا جدوجہد کی اور 195 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 84 رن بنائے۔ ان کے بلے سے آٹھ چوکے لگے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری تھی۔ ان کے علاوہ زمبابوے کا کوئی اور بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 228 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔