جکارتہ، 24 جنوری (یو این آئی) لکشیا سین اور کرن جارج بدھ کو انڈونیشیا ماسٹرز سپر 500 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جب کہ اسٹار کھلاڑی ایچ ایس پرنائے اور کدامبی سری کانت ابتدائی میچ ہارنے کے بعد باہر ہو گئے۔
عالمی نمبر 19 سین نے چین کے وینگ ہانگ یانگ کو 24-22 21-15 سے شکست دی۔ اس دوران جارج نے پہلے راؤنڈ میں ایک گیم سے پیچھے رہنے کے بعد واپسی کی اور فرانس کے ٹوما جونیئر پوپوف کو 18-21 21-16 21-19 سے ہرایا۔ منگل کو جارج نے دو جیت درج کرنے کے بعد مین ڈرا میں داخلہ لیا تھا۔
اب جارج کا مقابلہ چین کے لو گوانگ جو سے ہوگا۔ وہیں سین کا سامنا اگلے راؤنڈ میں ڈنمارک کے ملائیشیا اوپن چیمپئن اینڈرس اینٹونسن یا انڈونیشیا کے چیکو اورا ڈوی وردویو کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ایچ ایس پرنائے کو سابق عالمی چمپئن لوہ کین یو (18-21، 21-19، 10-21) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وہیں سابق عالمی نمبر ایک کدامبی سری کانت 10 ویں رینکنگ والے ملائیشیا کے لی زی جیا کے خلاف ابتدائی گیم (21-19) سے جیتنے کے باوجود سخت مقابلے میں 21-19، 14-21، 11-21 سے ہار گئے۔