کٹک، 8 فروری (یو این آئی) سیریز کے افتتاحی میچ میں اپنے شاندار مظاہرہ سے پرجوش ہندوستانی ٹیم اتوار کو بارابتی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں تین میچوں کی ایک روزہ سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی، جب کہ مہمان انگلینڈ سیریز کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ناگپور میں پہلے ایک روزہ میچ میں جیت حاصل کرنے کے بعد، ہندوستانی ٹیم مقابلے میں لے کے ساتھ اترے گی۔ تاہم کپتان روہت شرما کی فارم پر خدشات برقرار ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل صرف دو میچ باقی ہیں اور اوپنر اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے چین ہوں گے۔روہت نے میچ سے پہلے کہا، ’’میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں کہ ہم جتنی بار ممکن ہو صحیح کام کریں۔ ایسا کچھ بھی خاص نہیں ہے جسے ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم صرف گیندبازی، بلے بازی اور دیگر پہلوؤں کو فٹ اور بہتر رکھنا چاہیں گے۔‘‘
ناگپور میں اپنے ڈیبیو میچ میں متاثر کرنے والے نوجوان تیز گیند باز ہرشیت رانا اپنی کارکردگی کو آگے بڑھانا چاہیں گے۔ اگرچہ انگلینڈ کے اوپنرز نے انہیں ابتدائی دباؤ میں ڈال دیا تھا، لیکن انہوں نے زبردست واپسی کی اور تین اہم وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کو 248 رن پر روک دیا۔ دوسرے ایک روزہ میں انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کے خلاف ان کا کردار اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ رن مشین وراٹ کوہلی کی واپسی سے ہندوستان کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی آسکتی ہے۔ تجربہ کار بلے باز گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی میچ میں شرکت ابھی تک واضح نہیں ہے۔ اگر وہ واپس آتے ہیں تو ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں سخت فیصلے کا سامنا کرنا پڑے گا کہ کس کو باہر کرنا ہے، کیونکہ ان کے متبادل شریاس ایئر نے رن کے کامیاب تعاقب میں شاندار نصف سنچری اسکور کی ہے۔ائیر نے میچ کے بعد کہا، ’’ہم سب جانتے ہیں، بدقسمتی سے ایک کھلاڑی زخمی ہوگئے اور پھر مجھے موقع ملا۔ لیکن میں نے خود کو تیار رکھا۔ میں جانتا تھا کہ مجھے کسی بھی وقت موقع مل سکتا ہے۔دوسری جانب انگلینڈ واپسی کے لیے بے چین ہوگا۔ سیریز کے افتتاحی میچ میں ان کی بلے بازی لڑکھڑا گئی اور انہیں اپنے مڈل آرڈر سے مضبوط کوشش کی ضرورت ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، بارابتی اسٹیڈیم میں کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کا انتظار ہے۔ ہندوستان کی جیت سیریز پرقبضہ کرلے گی، جبکہ انگلینڈ سیریز کو فیصلہ کن مقابلے میں دھکیلنے کے لیے بے چین ہو گا۔ٹیم انڈیا: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، شریاس ائیر، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، کے ایل راہل، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، ہرشیت رانا، کلدیپ یادو، محمد شامی، ورون چکرورتی۔ٹیم انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ہیری بروک، بین ڈکٹ، جو روٹ، فلپ سالٹ، جیمی اسمتھ، جیکب بیتھل، برائیڈن کارس، لیام لیونگ اسٹون، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، ثاقب محمود، عادل رشید، مارک ووڈ۔