نئی دہلی:05؍فروری: قومی اردو کونسل(این سی پی یو ایل) کے زیراہتمام عالمی کتاب میلہ میں کل دوپروگرام منعقد ہوئے۔ پہلا پروگرام قومی اردو کونسل کے اسٹال پر ترجمہ کی اہمیت کی عنوان سے ہوا۔ جس میں نئی نسل کے مترجمین ڈاکٹراحسن ایوب ، ڈاکٹر نوشاد منظراور ڈاکٹرجاوید عالم نے بطور مہمان شرکت کی۔ انہوں نے ترجمہ نگاری کے تعلق سے اپنے تجربات شیئرکئے۔ بعدازاں کونسل کے زیراہتمام ’’لیکھک منچ‘‘ پرایک شاندار مشاعرہ کا اہتمام کیاگیا۔ مشاعرہ کی صدارت بزرگ شاعر چندربھان خیال نے فرمائی۔ مشاعرہ میں مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹرڈاکٹر نصرت مہدی صاحبہ نے شرکت کی۔اس کے علاوہ جن شعراء نے مشاعرہ میں شرکت کی ان کے اسمائے گرامی اس طرح ہیں۔اقبال اشہر، پاپولرمیرٹھی، آلوک یادو اورمعین شاداب۔مشاعرہ کی نظامت کے فرائض معین شاداب نے انجام دئے اورآخرمیں ڈاکٹرعبدالباری نے اظہار تشکرکیا۔