میلبورن، 24 جنوری (یو این آئی) روس کے ڈینیل میدویدیف نے بدھ کو پولینڈ کے ٹینس کھلاڑی ہیوبرٹ ہرکاز کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔آج یہاں کھیلے گئے میچ میں میدویدیف نے اپنی اچھی کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے ہیوبرٹ کو 7-6، 2-6، 6-3، 5-7، 6-4 سے شکست دے کر تیسری بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں داخلہ لیا۔ انہوں نے ہیوبرٹ کو پانچ سنسنی خیز سیٹوں میں شکست دے کر اپنا 75 واں گرینڈ سلیم میچ جیتا۔ دو بار کے فائنلسٹ میدویدیف نے 2021 کے بعد نویں سیڈ ہرکاز کے خلاف اپنی پہلی جیت درج کی اور صرف چار گھنٹے سے کم وقت میں انہیں شکست دے کر مسلسل تیسرے بڑے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
قبل ازیں ڈائنا یاسٹریمسکا آج خواتین کے سنگلز مقابلے میں لنڈا نوسکووا کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔یوکرین کی ڈائنا نے آج یہاں کھیلے گئے میچ میں چیک جمہوریہ کی لنڈا کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔وہ کوالیفائرز کے ذریعے مین ڈرا تک پہنچی تھی۔ وہ لگاتار آٹھ میچ جیت کر پہلی بار اپنے کیریئر کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم کے آخری چار میں پہنچی ہیں۔ڈائنا نے 1978 کے بعد پہلی بار آسٹریلین اوپن ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے سلسلےمیں کہا کہ “یہ تاریخ رقم کرنا کافی شاندار رہا ہے، یہ میرے اور میری نسل کے لیے کچھ نیا ہے۔ میں اپنے پہلے سیمی فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہوں۔‘‘قابل ذکر ہے کہ لنڈا ٹاپ سیڈ ایگا سویٹیک کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچی تھیں۔