اجودھیا:03فروری(یواین آئی)سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ اترپردیش کے اقتدار میں ان کی پارٹی کی حکومت بننے پر اجودھیا کو عالمی سطح کا شہر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ملکی پور ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم کے آخری دن پیر کو پارٹی امیدوار اجیت پرساد کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ہم وعدہ کرتے ہیں کہ سال 2027 میں ہماری حکومت آئی تو اجودھیا کو ورلڈ کلاس سٹی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا لوک سبھا سیٹ گنوانے کے بعد بی جے پی کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے۔ فرقہ وارانہ سیاست ختم کرنے کا کام اجودھیا کے لوگوں نے کہا ہے جس کے لئے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اجودھیا کا احترام یہاں کی عوام نے بڑھایا ہے۔ ملکی پور کی سیاست ایس پی کے ساتھ ہے اور یہ الیکشن ہم ضرور جیت کر رہیں گے۔ ابھی حال میں بیٹی کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ بہت تکلیف دہ ہے اور سماج وادیوں نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے موجودہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا’لباس پہن لینے سے کوئی یوگی نہیں ہوتا۔ بلکہ سچائی کے راستے پر چلنے پر یوگی کہلاتا ہے۔ کمبھ کے میلے میں جو حادثہ ہوا ہے اس کو چھپایا جارہا ہے۔ مہلوکین اور زخمیون کے اعداد نہیں بتائے جارہے ہیں۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ پریاگ کے مہاکمبھ میلے میں بڑے اچھے انتظامات ہیں۔ تو اس طرح کا حادثہ کیسے ہوگیا۔