بھوپال، 23 جنوری: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش سمیت تمام ریاستیں وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کانکنی وزارت کی طرف سے کان کنی کے شعبے میں کی گئی اصلاحات اور اختراعات سے فائدہ اٹھائیں گی۔ ہمارے زیر زمین وسائل میں بہت سے امکانات پوشیدہ ہیں، ان اصلاحات کے نفاذ اور اختراعات کو اپنانے سے ریاست معاشی طور پر مضبوط ہوگی۔ کان کنی کے عمل میں لائے جانے والے شفاف اور جوابدہ نظام سے کان کنی کے شعبے کے حوالے سے معاشرے میں ساکھ بڑھے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو ریاستوں کے معدنیات کے وزراء کی دوسری کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کشابھاو ٹھاکرے آڈیٹوریم میں منعقدہ کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیر کوئلہ، معدنیات اور پارلیمانی امور مسٹرپرہلاد جوشی نے کی۔ مدھیہ پردیش نے منرل بلاکس کی نیلامی میں بہترین کارکردگی کے لیے ملک میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کا سرٹیفکیٹ حکومت ہند نے جاری کیا اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو پیش کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش 29 کان کنی بلاکس کی نیلامی کرکے ملک میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کی کریٹیکل منرل رپورٹ بھی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو پیش کی گئی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اور مرکزی وزیر مسٹرجوشی نے بھی مرکزی وزارت کانوں کی طرف سے منعقدہ نمائش کا دورہ کیا۔ اس نمائش میں ملک کی سرکردہ کان کنی کمپنیوں، نجی ایجنسیوں اور اسٹارٹ اپس بشمول جیولوجیکل سروے آف انڈیا، ڈسٹرکٹ منرل اسٹیبلشمنٹس کی کامیابیوں کی نمائش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اور مرکزی وزیر مسٹرجوشی نے منتروں کے جاپ کے درمیان چراغ جلا کر پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کافی ٹیبل بک بلڈنگ ٹرسٹ- ٹرانسفارمنگ لائوز کا اجراء بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ اوسط سیل پرائس سسٹم پلیٹ فارم اور مائنز کی اسٹار ریٹنگ کا ڈیجیٹل لانچ کیا گیا۔ ایکسپلوریشن لائسنس رولز بھی جاری کر دیے گئے۔ کان کنی کے شعبے میں عمل میں بہتری اور اختراعات پر ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔