ممبئی31جنوری: فلم اداکار سیف علی خان پر حملے کے سلسلے میں تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ممبئی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیشی شہری محمد شریف الاسلام عرف شہزاد کو جدید چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کے ذریعے مثبت طور پر شناخت کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی رات اداکار کی عمارت کے خفیہ کیمروں سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے شخص کے چہرے اور شہزاد کی جسمانی ساخت میں مکمل مماثلت پائی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ اور اس میں موجود شخص کی شناخت کے لیے چہرے کی خصوصیات کا موازنہ کیا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تصدیق کی گئی کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص شہزاد ہی ہے۔ ممبئی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کی کہ چہرہ شناخت ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ ملنے کے بعد کیس کو مضبوط بنیادوں پر عدالت میں پیش کیا جا سکے گا۔ ملزم شہزاد فی الحال عدالتی حراست میں آرتھر روڈ جیل میں قید ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مقدمے کو مضبوط بنانے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی انسانی چہرے کی خصوصیات پر مبنی بائیومیٹرک سسٹم ہے جو ویڈیو اور تصاویر کا تجزیہ کر کے انسانوں کا پتہ لگاتی اور ان کی شناخت کرتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی مغربی ممالک، خاص طور پر امریکہ، میں عدالتی فیصلوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ ممبئی پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران یہ شواہد ملزم کے خلاف اہم کردار ادا کریں گے۔ تفتیش کار ملزم کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔