نئی دہلی 31جنوری: کچھ دنوں پہلے ہی فلم اداکارہ ممتا کلکرنی کو ’کِنڑ اکھاڑا‘ کا مہامنڈلیشور بنایا گیا تھا، اور اب ان سے یہ عہدہ چھین لیا گیا ہے۔ کِنڑ اکھاڑا کے بانی رشی اجئے داس نے آج نہ صرف ممتا کلکرنی سے مہامنڈلیشور عہدہ چھین لیا، بلکہ انھیں اکھاڑے سے باہر کا راستہ بھی دکھا دیا۔ رشی اجئے داس نے ممتا کو یہ عہدہ دینے والے لکشمی نارائن ترپاٹھی کو بھی اکھاڑے سے معطل کر دیا ہے۔ رشی اجئے داس نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’میں مایوس دل کے ساتھ لکشمی نارائن کو ان کے عہدہ سے ہٹا رہا ہوں۔ جلد ہی نئے سرے سے اکھاڑے کی تشکیل کی جائے گی اور نئے آچاریہ مہامنڈلیشور کے نام کا اعلان ہوگا۔‘‘ ممتا اور لکشمی نارائن کے تعلق سے انھوں نے کہا کہ ’’ان لوگوں نے ایسی غلطیاں کی ہیں جو سناتن مذہب اور اکھاڑے کے خلاف ہے۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ ممتا کلکرنی نے مہامنڈلیشور بننے کے لیے ضروری ضابطوں پر عمل نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے رشی اجئے داس بہت ناراض تھے۔ خاص طور سے ان کی 3 غلطیوں کی طرف نشاندہی کی جا رہی ہے۔ پہلی غلطی یہ تھی کہ ممتا کو وجینتی مالا کی جگہ رودراکش کی مالا پہنائی گئی، دوسری غلطی تھی ممتا کا منڈن نہیں کروایا گیا، اور تیسری غلطی تھی کہ ممتا کو ’ویراگیہ‘ (دنیاوی خواہشات سے خود کو الگ کرنا) کے راستے پر بھیجنے کی جگہ سیدھے مہامنڈلیشور کا عہدہ دے دیا گیا۔