پریاگ راج 31جنوری: پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ میلہ کے دوران ایک بار پھر حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جمعہ (31 جنوری) کی دوپہر سنگم حلقہ سے باہر فافامئو علاقہ میں گنگا ندی پر بنا پیپا پُل اچانک ٹوٹ گیا۔ اس حادثہ کے بعد وہاں لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کئی لوگ وہاں پر دب گئے ہیں، جنھیں ریسکیو کرنے کی کوششیں چل رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوع پر حالات سنگین بنے ہوئے ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ اس حادثہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیپا پُل ٹوٹا ہوا ہے اور کئی لوگ اس پر گرے ہوئے ہیں۔ کچھ لوگ گرے ہوئے لوگوں کو اٹھانے کی کوشش کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک ویڈیو میں آواز آ رہی ہے کہ سینکڑوں لوگ دبے ہوئے ہیں اور طلبا بڑی تعداد میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔ حالانکہ انتظامیہ کی طرف سے ابھی کچھ بھی جانکاری نہیں دی گئی ہے کہ اس حادثہ میں کتنے لوگ دبے یا زخمی ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 29 جنوری کو مونی اماوسیا کے موقع پر غسل کے دوران سنگم علاقہ میں بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں 30 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور تقریباً 60 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ مہاکمبھ میں ہی ایک دیگر علاقہ میں بھی بھگدڑ کی خبر سامنے آئی جہاں غیر مصدقہ خبروں میں 24 ہلاکتیں بتائی گئی ہیں۔ اس میلہ کے دوران گزشتہ کچھ دنوں میں آتشزدگی کی بھی چند خبریں سامنے آئی ہیں، لیکن انتظامیہ کی فوری کارروائی سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔