نئی دہلی، 30 جنوری (یو این آئی) قومی راجدھانی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ ڈی میچ میں اوپیندر یادو (95) اور کرن شرما (50) کی شاندار شراکت کی بدولت ریلوے نے جمعرات کو دہلی کے خلاف 241 کا اسکور کھڑا کیا اور اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری دہلی نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنا لیے ہیں۔دہلی کے پہلے وکٹ کے طورپر ارپت رانا (10) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں کنال یادو نے آؤٹ کیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک یش ڈھل (ناٹ آؤٹ 17) اور سنت سانگوان (ناٹ ااؤٹ 9) کریز پر تھے۔آج یہاں دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ریلوے کی شروعات خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں نودیپ سینی نے انچت یادو (7) کو آؤٹ کرکے دہلی کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کپتان سورج آہوجا (14) رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں اوور میں نودیپ سینی نے وویک سنگھ کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا اور دہلی کو تیسری کامیابی دلائی۔ محمد سیف (24)، بھارگو میرائی (0)، ایان چوہدری (0) اور کرن شرما (50) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ 66ویں اوور میں سمیت ماتھر نے سنچری کی طرف بڑھ رہے اوپیندر یادو (95) کو آؤٹ کر کے ریلوے کو آٹھواں جھٹکا دیا۔ ہمانشو سانگوان (29) نویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ 68ویں اوور میں سمیت ماتھر نے راہل شرما (0) کو آؤٹ کر کے ریلوے کو 241 کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ ریلوے کے چار بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔