سری نگر24جنوری(یو این آئی) شہرہ آفاق گلمرگ میں جاری چوتھی نیشنل کرلنگ ٹورنمنٹ میں شوکت رسول نے گولڈ میڈل جیت کر داد حاصل کی ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر سکل ڈیلوپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک انجینئر شوکت رسول نے گلمرگ مں جاری چوتھی قومی کرلنگ ٹورنمنٹ کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام مخالفین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا ۔ انجینئر شوکت رسول نے ٹورنمنٹ کے دوران شاندار کا رکردگی کا مظاہرہ کرکے شائقین سے بھی داد حاصل کی۔دریں اثنا حکام کا کہنا ہے کہ شوکت کی جیت نہ صرف محکمہ کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہے کیونکہ وہ اپنے کیرئیر اور اتھلیٹک کوششوں کی بدولت دوسروں کی بھی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔چوتھی کرلنگ چمپین شپ میں ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کشمیری کھلاڑی نے کہاکہ اب مزید تربیت پر توجہ مرکوز کی جائے گی
۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرلنگ اور مہارت میں مزید نکھار آنے سے وہ مستقبل کے ٹورنمنٹوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔