میلبورن، 23 جنوری (یو این آئی) امریکی میڈیسن کیز نے دنیا کی نمبر دو پولینڈ کی ایگا سویٹیک کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کی جہاں ان کا مقابلہ دو بار کی دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا سے ہوگا۔آج یہاں دو گھنٹے اور 35 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں پانچ بار کی گرینڈ سلیم فاتح سویٹیک پر 5-7، 6-1، 7-6 (10-8) سے شاندار جیت درج کرتے ہوئے کیز نے اپنے کیریئر کے دوسرے بڑے فائنل مقابلہ میں جگہ بنائی۔پہلے سیٹ میں سویٹیک نے اپنے تجربے اور شاندار بیک ہینڈ کی بدولت برتری حاصل کی۔ لیکن کیز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیٹ 7-5 سے جیت لیا۔ اس کے بعد کیز نے دوسرے سیٹ میں اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے سویٹیک کو 6-1 سے شکست دی۔ تیسرا سیٹ جدوجہد سے بھرپور رہا۔ ٹائی بریک میں سویٹیک نے میچ پوائنٹ حاصل کیا، لیکن کیز نے توجہ اور صبر کے ساتھ بازی پلٹ دی۔میچ کے بعد میڈیسن کیز نے کہا کہ میں نے یہاں پہنچنے کے لیے کافی محنت کی ہے اور فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گی۔ایک دیگر میچ میں بیلاروس کی ٹاپ سیڈ سبالینکا نے قریبی دوست پاؤلا بدوسا پر 6-4، 6-2 کی شاندار جیت حاصل کرنے کے ساتھ 26 سالوں میں مسلسل تین آسٹریلین اوپن خطاب جیتنے والی پہلی خاتون بننے کا موقع حاصل کیا۔سبالینکا نے میچ کے بعد کہا ’’میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں۔ مجھے خود پر اور اپنی ٹیم پر کافی فخر ہے کہ ہم خود کو اس پوزیشن پر لانے میں کامیاب رہے۔‘‘انہوں نے کہا ’’اگر میرا نام تاریخ میں درج ہو جاتا ہے تو یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہوگی۔ میں خواب میں بھی اس کا تصور نہیں کر سکتی تھی۔‘‘