نئی دہلی 21جنوری: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے 18 جنوری کو پٹنہ دورہ کے دوران بی پی ایس سی امتحان میں دھاندلی کے خلاف تحریک چلا رہے طلبا سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران طلبا نے پیپر لیک اور امتحان گھوٹالہ کے چکرویوہ کی تفصیلی جانکاری راہل گاندھی کو دی۔ راہل گاندھی نے اس ملاقات کے بعد طلبا سے وعدہ کیا کہ وہ ان کی تکلیف اور درد کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ راہل گاندھی نے آج ان طلبا سے ہوئی ملاقات کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر شیئر کی ہے۔ یوٹیوب پر یہ ویڈیو جاری رکتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ پیپر لیک ہندوستان کے غریب نوجوانوں کا حق چھیننے، ان کے ہنر اور خوابوں کو دبانے کا ایک ہتھیار ہے۔ ہر بی جے پی حکمراں ریاست میں اکثر ایسے واقعات ہو رہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اپنے حق کی آواز اٹھاتے نوجوانوں پر بربریت کے ساتھ ناانصافی کر ان کے احتجاج کو کچلا جاتا ہے۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں بہار میں ہوئے بی پی ایس سی امتحان گھوٹالے اور اس کے بعد لاٹھی چارج اور پولیس کے ذریعہ تشدد سے متاثر طلبا سے ملاقات کر سنجیدہ معاملوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ طلبا نے پوری تفصیل سے اس پیپر لیک اور امتحان گھوٹالے کے چکرویوہ کی جانکاری دی۔ امتحان کے دوران ہی سوالنامے لیک ہو جاتے ہیں۔ امتحان دہندگان کو سوالنامہ ملے نہ ملے، سوشل میڈیا پر وائرل ضرور ہو جاتے ہیں۔ امتحان دہندگان کو نارملائزیشن اور اسکیلنگ جیسے ماحول میں پھنسایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے اسکور (نمبر) سے بھی اپنے روزگار کی گارنٹی نہ جان پائیں۔