ممبئی 18جنوری: مہاراشٹر میں مہایوتی حکومت بی جے پی، این سی پی اور شیوسینا کے اتحاد میں ضرور چل رہی ہے، لیکن تینوں پارٹیوں کے درمیان رسہ کشی کا ماحول جاری ہے۔ خاص طور سے مقامی بلدیاتی انتخابات کو لے کر مہایوتی میں موجود پھوٹ صاف دکھائی دے رہی ہے۔ آج این سی پی لیڈر دلیپ والسے پاٹل نے یہ بیان دے کر پھر سے سیاسی ہلچل میں اضافہ کر دیا ہے کہ اگر دیگر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد نہیں بن پاتا ہے تو این سی پی مہاراشٹر میں ہونے والے مقامی بلدیاتی انتخابات تنہا ہی لڑے گی۔ قابل ذکر ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت والی این سی پی مہایوتی اتحاد کا اہم حصہ ہے۔ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا پہلے ہی ارادہ ظاہر کر چکی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں تنہا اتر سکتی ہے۔ اب این سی پی لیڈر کے بیان نے مہایوتی کے اندر پیدا ہنگامے کو ظاہر کر دیا ہے۔ 18 جنوری کو اہلیا نگر ضلع کے شیرڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دلیپ پاٹل نے مذکورہ بالا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مہایوتی کی سبھی پارٹیاں مقامی بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی پالیسی بنائیں گی۔ اگر ان پارٹیوں میں اتحاد نہیں بن پاتا ہے تو این سی پی آزادانہ طور سے انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) نے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا ہے کہ وہ مقامی بلدیاتی انتخابات تنہا لڑے گی۔ یعنی مہاراشٹر میں مہایوتی ہی نہیں، ایم وی اے کی پارٹیاں بھی ایک ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات لڑنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن مہاراشٹر کی سبھی چھوٹی بڑی پارٹیوں نے ابھی سے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔