نئی دہلی :17؍جنوری:قومی کھیل ایوارڈ 2024 جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں وزارت کھیل کے ذریعہ تقسیم کیے گئے۔ صدر دروپدی مرمو نے جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔ مرمو نے سب سے پہلے ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا۔ان کے علاوہ اولمپک ڈبل میڈلسٹ شوٹر منو بھاکر، ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ پراوین کمار کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ارجن ایوارڈ 34 کھلاڑیوں کو دیا گیا جن میں نودیپ بھی شامل ہیں جنہوں نے پیرس پیرالمپکس میں جیولن میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ان میں سے 17 پیرا ایتھلیٹس ہیں جبکہ 2 لائف ٹائم اچیومنٹ کے لیے ہیں۔ اس کے علاوہ 5 کوچز نے درون چاریہ ایوارڈ حاصل کیا۔منو بھاکر نے اگست-ستمبر میں پیرس اولمپک گیمز میں ڈبل اولمپک تمغے جیتے تھے۔ وہ 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور مکسڈ ڈبلز میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
ان کے دو تمغوں کی بدولت ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں کل چھ تمغے جیتے تھے۔18 سالہ ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش نے 11 دسمبر کو سنگاپور میں ورلڈ شطرنج چیمپئن شپ کا خطاب جیتا۔ انہوں نے فائنل میں دفاعی چیمپئن چین کے ڈنگ لیرین کو 7.5-6.5 سے شکست دی۔ گوکیش اتنی کم عمر میں یہ ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل یہ ٹائٹل روسی گیری کاسپاروف نے 1985 میں 22 سال کی عمر میں جیتا تھا۔