نئی دہلی15جنوری: دہلی میں اسمبلی انتخابات کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کر رہے ہیں۔ آج کا دن اہم رہا کیونکہ کئی بڑی سیاسی شخصیات نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کیے۔ اروند کیجریوال نے نئی دہلی اسمبلی حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور خواتین حامی بھی موجود تھیں۔ عام آدمی پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا، “اروند کیجریوال نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے خواتین حامیوں کے ساتھ نامزدگی داخل کر دی۔ ہماری حکومت پہلے بھی خواتین کے لیے کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ بی جے پی جتنی بھی سازش کرے، دہلی کے عوام پھر سے کیجریوال کو ہی منتخب کریں گے۔‘‘ نامزدگی سے پہلے اروند کیجریوال نے ہنومان مندر اور والمیکی مندر میں پوجا کی۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال بھی ان کے ساتھ تھیں۔ کیجریوال نے خواتین حامیوں کے ساتھ پیدل مارچ بھی کیا۔ عام آدمی پارٹی کے دیگر امیدواروں میں منیش سسودیا نے جنگ پورہ سے اور سوربھ بھاردواج نے گریٹر کیلاش سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ جبکہ گوپال رائے نے بابر پور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر اروند کیجریوال کا کہنا تھا، “آج میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے جا رہا ہوں، میرے ساتھ کئی مائیں اور بہنیں دعائیں دینے آئیں گی۔ نامزدگی سے پہلے میں ہنومان اور والمیکی مندروں میں آشیرواد لینے جاؤں گا۔” بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ یہ انتخابات ان دونوں جماعتوں کے اتحاد کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کے تعلقات کو ’جگل بندی‘ قرار دیا۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر اروند کیجریوال کا مقابلہ بی جے پی کے پرویش ورما اور کانگریس کے سندیپ دکشت سے ہوگا۔ دہلی اسمبلی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے، جب کہ نتائج 8 فروری کو آئیں گے۔