راجکوٹ، 15 جنوری (یو این آئی) پرتیکا راؤل (154) اور کپتان اسمرتی مندھانہ (135) کی زبردست سنچری اننگز کے بعد دپتی شرما (تین وکٹیں) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے بدھ کو تیسرے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کو ریکارڈ 304 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔
ہندوستان کے 435 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرنے اتری آئرلینڈ کی خواتین ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم نے 24 کے اسکور پر اپنی دو وکٹ گنوا دیں۔ کپتان گیبی لوئس (ایک) کو تیتاس سادھو نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ کرسٹینا کلٹر ریلی (صفر) کو سایلی ساتگھرے نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد سارہ فوربز اور آرلا پریندگسٹ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ 15ویں اوور میں تنوجا کنور نے آرلا پریندگسٹ (36) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ سارہ فوربز (41) رن آؤٹ ہوئی۔ اس کے بعد دپتی شرما نے لورا ڈیلینی (10)، لی پال (15) کو آؤٹ کیا۔ آئرلین کیلی (دو)، جورجینا ڈیمپسی (صفر) رن آؤٹ ہوئیں۔ 31ویں اوور میں آوا کیننگ (دو) نویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئی۔دپتی شرما نے 32ویں اوور کی چوتھی گیند پر فریا سارجنٹ (ایک) کو آؤٹ کر کے آئرلینڈ کی اننگز 131 کے اسکور پر ختم کر دی۔ہندوستان کی جانب سے دپتی شرما نے 27 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ تنوجا کنور نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
تیتاس سادھو، ساتگھرے اور منو منی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
دریں اثناء ہندوستانی خواتین ٹیم نے آئرلینڈ کو 436 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا تھا۔ پرتیکا راول (154) اور کپتان اسمرتی مندھانا (135) کی طوفانی سنچری اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بدھ کو تیسرے ون ڈے میں جیت کے لیے آئرلینڈ کو 436 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا ۔ آج یہاں ہندوستانی ٹیم کی کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی پرتیکا راول اور کپتان اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے طوفانی انداز میں آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 233 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
اورلا پرینڈرگاسٹ نے 27ویں اوور میں اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کرکے آئرلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ مندھانا نے 80 گیندوں پر 135 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی 10ویں ون ڈے سنچری بھی صرف 70 گیندوں میں مکمل کی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی ریچا گھوش نے پرتیکا راول کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔ 39ویں اوور میں آرلین کیلی نے ریچا گھوش کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ریچا گھوش نے 42 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (59) رنز بنائے۔ ڈبل سنچری کی طرف بڑھنے والی پرتیکا راول 44ویں اوور میں فرییا سارجنٹ کے ہاتھوں ڈیمپسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ پرتیکا راول نے 129 گیندوں میں 20 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 154 رنز بنائے۔ راول 150 کا ہندسہ عبور کرنے والے تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تیجل ہسبانیس (28)، ہرلین دیول (15) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔
دیپتی شرما (11) اور جمائمہ روڈریگس (چار) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کی بلے بازوں نے آئرش گیند بازوں کے چتھڑے اڑادیے اور مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 435 رنز کا بڑا اسکور کھڑاکیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آرلین کیلی، فرییا سارجنٹ اور جارجینا ڈیمپسی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔