نئی دہلی، 14 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی ہلدی بورڈ کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہلدی بورڈ کے قیام سے ہلدی کی پیداوار میں جدت، عالمی فروغ اور قدر میں اضافے کے بہتر مواقع یقینی ہوں گے۔مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ’’نیشنل ہلدی بورڈ کا قیام خاص طور پرپورے ہندوستان میں ہمارے محنتی ہلدی کاشتکاروں کے لیے بڑی خوشی کی بات ہے۔ اس سے ہلدی کی پیداوار میں جدت، عالمی فروغ اور ویلیو ایڈیشن کے بہتر مواقع یقینی ہوں گے۔ یہ سپلائی چین کو مضبوط کرے گا، جس سے کسانوں اور صارفین دونوں کو یکساں فائدہ ہو گا۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر گوئل نے منگل کو تلنگانہ کے نظام آباد میں نیشنل ہلدی بورڈ کا افتتاح کیا، جو ملک میں ہلدی کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے۔مسٹر گوئل نے اس کا ورچولی طور پر نئی دہلی سے افتتاح کیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور ہلدی کے کسان پلے گنگاریڈی کو تین سال کی مدت کے لیے ہلدی بورڈ کا قومی چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ مرکز نے پیر کو اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا تھا۔ ہلدی بورڈ کا قیام تلنگانہ بالخصوص نظام آباد کے کسانوں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کے بعد مرکزی حکومت نے اکتوبر 2023 میں نیشنل ہلدی بورڈ کے قیام کو نوٹیفائی کیا۔ بورڈ کے قیام کے بعد مسٹر گوئل نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی اور موقع کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا، “مکر سنکرانتی کے پرمسرت موقع پر میں نیشنل ہلدی بورڈ کا افتتاح کرتے ہوئے بے حد خوش ہوں۔ ہم پوری دنیا میں ہلدی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پیداوار کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں جو کہ باورچی خانے کے لیے ضروری اور صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔مسٹر گوئل نے کہا کہ ہمارا مقصد ہلدی کی قیمت کے سلسلے میں بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجیز اور مہارتوں کو مضبوط کرنا ہے اور ہمارے کسانوں، برآمد کنندگان اور معیشت کو مزید فائدہ پہنچانے مد کرنے کے لئے اس سنہری مسالحہ کے بارے میں ہمارے قدیم علم کو محفوظ کرنا اور فروغ دینا ہے ۔