امریا، 22 جنوری (ایجنسی) مدھیہ پردیش کے امریا ضلع میں ایس ڈی ایم نے اوور ٹیک کرنے سے ناراض ہو کر دو نوجوانوں کی کار کا پیچھا کیا اور روکا اور پھر اپنے ماتحتوں سے ان کو بری طرح پٹوا دیا۔ دونوں نوجوانوں کے سر زخمی ہوگئے اور ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے۔
معلومات کے مطابق معاملہ امریا ضلع کے باندھو گڑھ کا ہے۔ گاڑی کو اوورٹیک کرنے پر دو نوجوانوں کو بری طرح پیٹا گیا۔ تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمی نوجوان نے بتایا کہ میری غلطی صرف یہ تھی کہ میں اپنے کام سے جا رہا تھا اور مجھے دیر ہو رہی تھی اس لیے میں تیز رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اس کی وجہ سے میں نے ایس ڈی ایم صاحب کی گاڑی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد ایس ڈی ایم نے خود مجھے مارا پیٹا اور اپنے ڈرائیور اور دیگر لوگوں کو بھی پٹوایا۔
اس پورے معاملے کو لیکر ایس ڈی ایم باندھو گڑھ امت سنگھ نے کہا ہے کہ میں بیچ بچاؤ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ دراصل پورا معاملہ یہ ہے کہ دونوں نوجوان نشے میں تھے اور تحصیلدار کو کٹ مار کر بھاگ رہے تھے جس کے بعد ان میں لڑائی شروع ہو گئی۔ جب انہوں نے ہمیں مارنا شروع کیا تو میرے ساتھ موجود لوگوں نے بھی انہیں مارنا شروع کر دیا تو میں نے مداخلت کی اور انہیں پولیس کے حوالے کرنے کو کہا۔