نئی دہلی 13جنوری: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر لگاتار کم ہوتی جا رہی ہے۔ پیر کے روز لگاتار دوسرے کاروباری سیشن میں یہ گراوٹ جاری رہی اور غیر مستحکم عالمی اشاروں کے درمیان مضبوط امریکی کرنسی کے سبب روپیہ آج صبح 27 پیسے ٹوٹ کر 86.31 فی ڈالر پر آ گیا۔ اس کے بعد بھی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور 4 بجے ایک ڈالر 86.63 روپے کے برابر پہنچ گیا۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کم ہوتے دیکھ کر کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پیش کیا گیا ہے جس میں پی ایم مودی کا پرانا بیان سننے کو مل رہا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کیا وجہ ہے کہ ہندوستان کا روپیہ پتلا ہوتا جا رہا ہے۔ ملک آپ سے جواب مانگ رہا ہے۔‘‘ اس کے بعد بتایا جاتا ہے کہ ’’ایک بار پھر روپیہ گر گیا ہے۔ روپیہ ڈالر کے مقابلے اب تک کے آل ٹائم لو پر پہنچ گیا ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 86.53 پر پہنچ گیا ہے۔ لیکن نریندر مودی کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ اس پوسٹ میں کیپشن لگایا گیا ہے ’’مودی کا نیا ریکارڈ۔ 1 ڈالر= 86.53 روپے‘‘۔ اس درمیان بیرون ملکی کرنسی کاروباریوں نے بتایا کہ خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اچھال، بیرون ملکی پونجی مستقل نکالے جانے اور گھریلو شیئر بازاروں میں منفی رخ کے سبب بھی مقامی کرنسی پر دباؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔