تنسکیا22جنوری:آسام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس کے سابق صدر ایم پی راہل گاندھی نے ریاستی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مجھے مندر جانے سے بھی روک رہی ہے۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا فی الوقت آسام کے نگاؤں ضلع میں ہے، اسی ضلع میں ویشنو سنت شنکر دیو کی جائے پیدائش بھی ہے۔ راہل گاندھی کا وہاں جانے کا پروگرام پہلے سے طے ہے، اس کے لیے اجازت نامہ بھی حاصل کرلیا گیا تھا لیکن عین وقت پر انہیں وہاں جانے روک دیا گیا۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’پہلے انتظامیہ نے ان کو ویشنو سنت شنکر دیو کی جائے پیدائش پر جانے کی اجازت دی تھی لیکن اب منع کیا جا رہا ہے۔ چونکہ میں جائے پیدائش سے قریب موجود ہوں اور اس مقام کی صرف زیارت کرنے جانا چاہتا ہوں لیکن بھی مجھے نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’لگتا ہے کہ آج صرف ایک آدمی کو ہی مندر جانے کی اجازت ہے۔‘‘ ویشنو شنکر دیو کی جائے پیدائش کی زیارت کے لیے نکلے راہل گاندھی کی پولیس افسران سے بحث بھی ہوئی۔ افسران نے ان سے کہا کہ ’’ہم آپ کو شام 3 بجے کے بعد جانے دے سکتے ہیں۔‘‘ پولیس افسران کے ذریعے راہل گاندھی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہمارے پاس آرڈر ہے۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے پوچھا کہ ’’میں نے کیا غلطی کی ہے جو میں مندر نہیں جاسکتا؟ میرے پاس جانے کی اجازت ہے، مجھے مت روکو۔‘‘ پولیس افسران کے ذریعے روکے جانے پر راہل گاندھی نے ان سے بار بار یہ سوال کیا کہ ’’میری غلطی تو مجھے بتاؤ۔‘‘ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انتظامیہ نے راہل گاندھی کو بوردووا تھانہ جانے کی اجازت نہیں دی۔