بڑودہ، 9 جنوری (یو این آئی) پارتھ وتس (62 رن اور تین وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہریانہ نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی کے پری کوارٹر فائنل میں بنگال کو 72 رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے۔ہریانہ کے 298 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری بنگال کے لئے ابھیشیک پورل اور کپتان سدیپ کمار گھرمی کی سلامی جوڑی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 70 رنزجوڑے۔ سمت کمار نے سدیپ کمار (36) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد 18ویں اوور میں امت رانا نے ابھیمنیو ایشورن (10) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ابھیشیک پورل (57) کو آدتیہ کمار نے آؤٹ کیا۔ بنگال کا چوتھا وکٹ انستوپ مجمدار (36) کی صورت میں گنوایا۔ انہیں پارتھ وتس نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بنگال کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ سدیپ چٹرجی (14)، کرن لال (28)، پردیپ پرمانک (پانچ)، کوشک میتی (چھ)، محمد شامی (دو)، سیان گھوش (4) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ مکیش کمار 12 گیندوں پر 13 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہریانہ کے گیند بازوں نے بنگال کی پوری ٹیم کو 43.1 اوور میں سمیٹ کر میچ 72 رنز سے جیت لیا۔
ہریانہ کی جانب سے پارتھ وتس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ انشول کمبوج اور نشانت سندھو نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ آدتیہ کمار، سمت کمار اور امت رانا کو ایک ایک وکٹ ملا۔اس سے پہلے آج یہاں بنگال نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ہریانہ کی ارش رنگا اور ہمانشو رانا کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 48 رنز بنائے۔ چھٹے اوور میں مکیش کمار نے ارش رنگا (23) کو آؤٹ کرکے بنگال کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ساتویں اوور میں محمد شامی نے پھر ہمانشو رانا (14) کو آؤٹ کیا۔ کپتان کمار (18) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں کوشک میتی نے آؤٹ کیا۔ پارتھ وتس اور نشانت سندھو نے اننگ کوسنبھالا۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت ہوئی۔ کرن لال نے 32ویں اوور میں پارتھ وتس (62) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ نشانت سندھو (64) کو سیان گھوش نے اپنا شکار بنایا۔ راہل ٹیوتیا (29) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تو محمد شامی اور مکیش کمار نے ہریانہ کے بلے بازوں کو زیادہ دیر تک پچ پر ٹکنے نہیں دیا۔ دنیش بانا (15) اور انشول کمبوج (4) کو شامی نے آؤٹ کیا۔ امت رانا (5) کو مکیش کمار نے بولڈ آؤٹ کیا۔ سمت کمار 32 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہریانہ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 298 رنز بنائے۔بنگال کی جانب سے محمد شامی نے تین اور مکیش کمار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔