وڈودرا، 9 جنوری (یو این آئی) ابھیجیت تومر (111) کی سنچری اور مہیپال لومرور (60) کی نصف سنچری اننگز کے بعد امن شیخاوت (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت راجستھان نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی کے پری کوارٹر فائنل میں تمل ناڈو کو 19 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔راجستھان کے 267 رنوں کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری تمل ناڈو کے لئے تشار رہیجا اورنارائن جگدیشن کی سلامی جوڑی نے اچھا آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 60 رنز جوڑے۔ خلیل احمد نے ساتویں اوور میں تشار رہیجا (11) کو آؤٹ کر کے راجستھان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں انیکیت نے بھوپتی کمار (0) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ تمل ناڈو کا دوسرا وکٹ ناراین جگدیشن (65) کی صورت میں گرا۔ بابا اندرجیت (37)، وجے شنکر (49) اور محمد علی (34) نے کچھ دیر جدوجہد کی۔ سنجے یادو (2)، کپتان سائی کشور (13)، ورون چکرورتی (18) اور سندیپ واریر (دو) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ راجستھان کے بولنگ اٹیک کے سامنے تمل ناڈو کی پوری ٹیم 47.1 اوور میں 248 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور راجستھان نے یہ میچ 19 رنوں سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی راجستھان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔راجستھان کی جانب سے امن شیخاوت نے تین، انیکیت چودھری اور اجے سنگھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ خلیل احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔