ممبئی 22جنوری: مراٹھا ریزرویشن کی تحریک چلانے والے منوج جرانگے پاٹل نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے میں تاخیر کرنے پر ریاستی حکومت سے جواب طلب کرنے کے بجائے وہ ریزرویشن کے ہی خلاف بول رہے ہیں۔ اگر اجیت پوار ریزرویشن لے کر آئیں تو میں دوڑ کر ان کے گلے سے لپٹ جاؤنگا۔‘‘ جرانگے پاٹل احمد نگر ضلع میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔ مراٹھا ریزرویشن کے لیے ممبئی کی جانب مارچ کا آج ان کا تیسرا دن ہے۔ منوج جرانگے پاٹل نے اپنے کارکنان اور ہزاروں حمایتیوں کے ساتھ 20 جنوری کو جالنہ ضلع کے اپنے گاؤں انتراولی سراٹی سے ممبئی تک مارچ شروع کیا ہے۔ انہوں نے ممبئی میں ریاستی حکومت کی جانب سے ریزرویشن دیئے جانے کے اعلان تک غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ منوج پاٹل ریاست میں مراٹھوں کو کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں او بی سی درجے کے تحت سرکاری ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن مل سکے۔ منوج جرانگے پاٹل کے مارچ پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا تھا کہ ممبئی آنے والوں میں سے اگر کسی نے بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر جرانگے پاٹل نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر اجیت پوار ریزرویشن لے کر آئیں تو میں دوڑ کر ان کے گلے سے لپٹ جاؤں گا۔ انہیں کارروائی کرنے کی بات کہنے کی بھلا کیا ضرورت تھی۔‘‘