نئی دہلی، 8 جنوری (یو این آئی) کھو کھو ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی زیادہ تر غیر ملکی ٹیمیں 10 اور 11 جنوری کو قومی دارالحکومت پہنچیں گی۔ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سدھانشو متل نے بدھ کو یہاں کہا کہ کھو کھو فیڈریشن آف انڈیا کے عہدیدار اور ٹورنامنٹ کے سرکاری اسپانسر جی ایم آر کے عہدیدار ہندوستانی روایت کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیم کے ارکان کا ہوائی اڈے پر استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے خصوصی ویلکم ڈیسک قائم کیا جائے گا اور انہیں لاؤنج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہوٹل پہنچنے پر مہمان کھلاڑیوں کا استقبال ورلڈ کپ ٹرافی کی شکل میں کیک اور ہندوستانی اور غیر ملکی دھنوں سے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کھو کھو ورلڈ کپ 13 سے 19 جنوری تک کھیلا جا رہا ہے۔ ورلڈ کپ کی میزبانی ہندوستان کر رہا ہے، تمام میچ نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔